’ملک دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا‘

وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں اتفاق

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 مارچ 2024 16:15

’ملک دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ 2024ء ) وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ملک دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے سربراہ ، وفاقی وزراء، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے شرکاء کو وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ہونے والے بشام واقعہ پر بریفنگ دی، اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے سربراہان کی جانب سے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی گئی، جس پر وزیراعظم نے ملک بھر میں موجود تمام چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس نے اعلیٰ سطح کے اس ہنگامی سکیورٹی اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے حملے کے بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی، شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اعلامیے سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی لوگوں نے حملے کا جواب دیا اور کہا کہ حملے سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں، ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کی جائیں، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد بداعتمادی پیدا کرنا ہے، دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے دہشت کو ہتھیار بنایا ہے۔