پاکستان اور برازیل کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، برازیلین سفیر اولینتھو ویرا

بدھ 27 مارچ 2024 16:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان میں تعینات برازیل کے سفیر اولینتھو ویرا نے کہا ہے کہ پاکستان اور برازیل کے در میان تجارتی تعلقات میں بہتری کیلئے کوششں کی جا رہی ہیں، بزنس کمیونٹی اس حوالے سے اہم ترین کردار ادا کر سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےصدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے برازیلین سفارتخانے میں ان سے ملاقات کی۔

سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔برازیلین سفیر نے کہا کہ مستقبل کی عالمی معیشت میں برکس کا کردار اہم ترین ہوگا، اس بلاک کی موجودگی سے نہ صرف بڑی آبادی کے حامل ممالک میں تعاون کو فروغ ملے گا بلکہ باہمی روابط میں بہتری اور کاروبار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

آبادی کے لحاظ سے چھٹا بڑا ملک پاکستان برکس بلاک کا حصہ بن کر عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑی منڈی ہے جو کہ اپنے جغرافیائی سٹریٹجک محل وقوع کی وجہ سے اہم ہے،برازیل اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اس حوالے سے کام جاری ہے۔ پاکستان اور برازیل کے درمیان ٹیکنالوجی اور پھلوں بالخصوص آم اور لیموں میں تجارت اور تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں برازیل دنیا کے مختلف فعال ترین اقتصادی اور تجارتی فورمز کا حصہ ہے پاکستان اور برازیل مشترکہ تعاون کے ذریعے مل کر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان اور برازیل کے درمیان 45 ملین ڈالر کی باہمی تجارت ہے جس میں برازیل سرپلس ہے۔

برازیل پاکستان کو سویابین اور کپاس برآمد کر رہا ہے جبکہ پاکستان سرجیکل آلات، ٹیکسٹائل اور پھل برازیل کو برآمد کر رہا ہے۔ برازیل ایک بڑی منڈی ہے جس سے ذریعے پاکستان معاشی طور پر جنوبی امریکہ سے منسلک ہو سکتا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی اے) پر دستخط سے دونوں ممالک میں باہمی تجارت کو فروغ ملے گا اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی منڈیوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے تاجر برادری کا کردار بہت اہم ہے اور آئی سی سی آئی اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ برازیل ایک بڑی تجارتی منڈی ہے جو برکس جیسے بڑے تجارتی بلاک سے جڑی ہوئی ہے اور اس کے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برازیل کے درمیان کھیلوں بالخصوص فٹ بال کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

برازیل پاکستان میں فٹ بال کو فروغ دے سکتا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے برازیل کی بین الاقوامی اہمیت اور عالمی تجارت میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں توسیع کی امید ظاہر کی۔