Live Updates

پنجاب کے بڑے شہروں کو آپس میں ملانے والی پانچ ایکسپریس ویز پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کا فیصلہ

بدھ 27 مارچ 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن صوبہ پنجاب کی تعمیر و ترقی کا مشن تیزی جاری ہے۔ پنجاب کے بڑے شہروں کو آپس میں ملانے والی پانچ ایکسپریس ویز پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پانچ ایکسپریس ویز کو 139.5ارب کی لاگت سے بنایا جائے گا۔

ایکسپریس ویز کو موٹرویز کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔بہاول پور این 5 تا جنگڑًا شرقی انٹر چینج تک 42 کلومیٹر لمبی ایکسپریس وے 13 ارب سے بنائی جائے گی اور ملتان تا وہاڑی 93 کلومیٹر لمبی ایکسپریس وے 26.50 ارب سے بنے گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ چچہ وطنی تا پیر محل، شورکوٹ تا گڑھ مہاراجہ، چوک اعظم تا لیہ 199 کلومیٹر لمبی ایکسپریس وے 66 ارب سے بنے گی۔

(جاری ہے)

ساہیوال تا سمندری انٹرچینچ 57 کلومیٹر لمبی ایکسپریس وے 23 ارب سے بنے گی۔فیصل آباد چنیوٹ، سرگودھا کمال پور انٹرچینج تاتحصیل چوک چنیوٹ 24 کلومیٹر لمبی ایکسپریس وے 11 ارب سے بنے گی۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ بہاول پور، ملتان، وہاڑی، چچہ وطنی، پیر محل، شورکوٹ، فیصل آباد، چنیوٹ، لیہ کے لاکھوں لوگوں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہونگی۔ مجموعی طور پر پانچ ایکسپریس ویز 416.2 کلومیٹر لمبی ہونگی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ان ایکسپریس ویز کی تعمیر کے لیے پہلے سے منظوری دے چکی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات