عالمی یوم یتامیٰ :الخدمت آغوش ہوم میں روزہ کشائی اور افطارڈنرکا اہتمام

بدھ 27 مارچ 2024 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) الخدمت آغوش ہوم میں عالمی یوم یتامیٰ پرباہمت بچوں کی روزہ کشائی اورافطارڈنر کا اہتمام کیا گیا ،اس موقع پر چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین اور ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،سینئر منیجر عنایت اللہ اسماعیل ،منیجر آغوش ہوم مصعب بن عبد القادرموجود تھے۔

پہلی بار روزہ رکھنے والے بچوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور تمام بچوں کو تحائف دیئے گئے۔ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے ان بچوں کو دیکھ کر جنہوں نے آج پہلا روزہ رکھا ہے، آج فیصلہ کرلیجیے آپ ساری زندگی رمضان کے روزے رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اللہ نے ہمیں اس دنیا میں بھیجا ہے۔

اللہ کا ہرحال میں شکر ادا کرنا چاہیے۔ اللہ نے جس ہال میں ہمیں رکھا ہے، اچھا رکھا ہے، فلسطین میں اسرائیلیوں نے ہزاروں بچوں کو شہید کر دیاہے۔ان کاپانی بند کردیا ہے، ان کے اسکولز اور کالجز تباہ کر دیئے ہیں۔الخدمت ان کی بھی مدد کررہی ہے۔رمضان رحمتوں کا مہینہ ہے،آپ نے بڑے ہوکر معاشرے کااچھا اورمثالی فرد بننا ہے۔ آپ کے ساتھ الخدمت نی2200 بچوں کی عید کی شاپنگ کروائی ہے۔

اس کا مقصد آپ کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔ الخدمت آپ کے ساتھ ہے اور ان شااللہ یونہی آپ کی سرپرستی کرتی رہے گی۔امیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ عرفان احمد نے کہا کہ رمضان مقدس مہینہ ہے،اس ماہ سندھ فتح ہوا۔ فاتح سندھ محمد بن قاسم تھے، ان کے والد کا اس وقت انتقال ہوا تھا جب وہ 5 سال کے تھے۔انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کی ، وہ عظیم سپہ سالار تھے۔

17 سال کی عمر میں انہوں نے سندھ فتح کیا۔ یتیم ہونا محرومی نہیں ، بلند سوچ کا نہ ہونا محرومی ہے۔ الخدمت اسی مقصد کے لیے کام کر رہی ہے۔ الخدمت کی کاوشیں جاری رہیں گی۔بعدازاں نوید علی بیگ نے ربن کاٹ کا کمپیوٹرلیب اور لائبریری کا افتتاح کیا۔انہوں نے لائیبریری میں بچوں کی کتاب سے رغبت کو سراہا اور کمپیوٹر لیب کا بھی معائنہ کیا۔مہمانوں اور صحافیوں کو اسپورٹس زون کا بھی دورہ کروایا ،جہاں ٹیبل ٹینس ،،کیرم بورڈ ،راڈ گیم اور فٹنس مشین کا اضافہ کردیا گیا ہے۔#