دہشت گرد عناصر مذموم مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے،حاجی سیلاب خان اچکزئی

شر پسند عناصر جاری ترقیاتی منصوبوں ،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کونقصان پہنچانے کے درپے ہیں

بدھ 27 مارچ 2024 23:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) مظلوم عوامی تحریک بلوچستان کے جنرل سیکرٹری حاجی سیلاب خان اچکزئی نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی مہمان باشندوں پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات کونقصان پہنچانے کے درپے ہیں لیکن دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حاجی سیلاب خان اچکزئی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہے وہ صرف اور صرف ملک میں دہشت گردی پھیلاکر اپنے آقاوں کو خوش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشام میں مہمان چینی باشندوں کو خود کش دھماکے کا نشانہ بنانے والے افراد انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔ انہوں نے دھماکے میں ہلاک ہونے والے چینی باشندوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اوردکھ کااظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے اورپاکستان میں کام کرنے والے چینی اوردیگر غیرملکی باشندوں کی سیکورٹی کو مزیدسخت کیاجائے۔