مٹھی بھر دہشت گرد چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خلاف سازش کرر ہے ہیں ،سردار یعقوب خان ناصر

بدھ 27 مارچ 2024 23:19

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ شانگلہ بشام میں چینی قافلے پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں مٹھی بھر کرائے کے دہشت گرد ہمارے ہمسایہ ملک چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خلاف سازش کررہا ہے سی پیک کو کسی صورت ناکامی کا شکار نہیں ہونے دینگے وزیر اعظم نے واقعہ کا سخت نوٹس لیکر ملوث دہشت گرد عناصر کے سخت ایکشن لے لیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے ہم ملک کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے،چین اور پاکستان کے تعلقات برادرانہ ہیں چین اور پاکستان بہت سے ترقیاتی منصوبوں میں بطور پارٹنرزہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ملک کی معیشت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل روشن ہے اور ہمارے بہادر جوان دشمن کو نیست و نابود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں بھارت کا ہاتھ ہے جبکہ کالعدم ٹی ٹی پی بھی اس طرع کی کاروائیاں کرتے رہتے ہیں پاکستان کو ڈی اسٹیبل کرنے والوں کے خواب چکنا چور ہونگے۔