صدر مملکت کا چینی سفارتخانے کا دورہ، چینی سفیر سے بشام واقعہ میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت

بشام واقعہ پاک چین پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے،پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،آصف زرداری

بدھ 27 مارچ 2024 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بشام واقعہ پاک چین پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے،پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق صدر زرداری نے بدھ کو چینی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے ان کا استقبال کیا۔

صدر زرداری نے چینی سفیر سے بشام حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، یہ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے سفارتخانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر پکڑنے کی ضرورت ہے۔چیانگ زئے دونگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے اور سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔چینی سفیر نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی، چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔