دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر بارڈر کی صورتحال میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

بدھ 27 مارچ 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر بارڈر کی صورتحال میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا منبہ افغانستان میں ہے اور باوجود ہماری کوششوں کے کابل اس سمت کوئی پیش رفت نہیں کر رہا بلکہ دہشت گردی کے ٹھکانے ان کے علم میں ہونے کے باوجود ان کی سر زمین سے پاکستان کے خلاف آزادانہ آپریٹ کر رہے ہیں، پاک افغان بارڈر ساری دنیا کی روایتی بارڈر سے مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب کابل سے تعاون میسر نہیں پاکستان کو اس بارڈر پر تمام بین الاقوامی قوانین اور روایت نافذ کرنا ہوں گے اور دہشت گردوں کی ٹریفک ختم کرنی ہو گی، اس طرح دونوں ممالک روایتی اچھے ہمسایوں کی طرح اپنے تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں، پاسپورٹ اور ویزہ کے ذریعے سفر کی سہولتیں جاری رکھی جا سکتی ہیں۔