ی*امیر جماعت اسلامی پاکستان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے : قیصر شریف

بدھ 27 مارچ 2024 21:15

ؑلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر سے جماعت اسلامی کی46 ہزار اراکین حق رائے دہی کے اہل تھے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امیر جماعت کے انتخاب کے لیے تمام ضلعی دفاتر میں بیلٹ باکس اور مرکزی انتخابی کمیشن کے نمائندے موجود رہے۔

اضلاع سے بیلٹ کے بند لفافے پہنچنے کی آخری تاریخ 31 مارچ ہے، یکم اپریل سے مرکزی دفتر انتخابی کمیشن منصورہ میں گنتی کا عمل شروع ہو گا اور گنتی مکمل ہونے پر صدر انتخابی کمیشن جماعت اسلامی راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔ قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوری تقاضا ہے، نومنتخب امیر جماعت اسلامی کی مدت اپریل 2029 تک ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکزی مجلس شوری نے اراکین کی رہنمائی کے لیے امیر جماعت کے لیے تین نام سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمان تجویز کیے ہیں، اراکین جماعت ان تین کے علاوہ بھی کسی کو ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری دفعہ مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیںاور وہ جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں۔مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی پہلے ، میاں طفیل محمددوسرے ، قاضی حسین احمد تیسرے اور سید منور حسن چوتھے امیر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے، دستور کے مطابق جماعت اسلامی میں ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی جماعت ہے۔