ْاسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط، سندھ ہائی کورٹ بار کا جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ

بدھ 27 مارچ 2024 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) سندھ ہائیکورٹ بار نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط پر تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کردیا۔سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جب کہ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کا سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کا جائزہ لیا گیاہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ بار اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط پر تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کرتا ہے، سپریم کورٹ کے تین ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔اعلامیہ میں سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتی معاملات میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے مداخلت عدلیہ کی غیر جانبداری اور عدالتی نظام پر ضرب لگانے کے مترادف ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کا مداخلت کو بے نقاب کرنا قابل تعریف عمل ہے۔