Live Updates

دھاتی ڈور سے تحفظ کیلئے موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائرز کی تنصیب کا آغاز

موٹر سائیکل سواروں میں سیفٹی وائرز مفت تقسیم کی جا رہی ہیں، موٹرسائیکلوں پر سیفٹی وائرز کی تنصیب سے قیمتی انسانی جانوں کو دھاتی ڈورسے بچانے میں مدد ملے گی۔ سی سی پی او لاہور کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 13:53

دھاتی ڈور سے تحفظ کیلئے موٹر سائیکلوں  پر سیفٹی وائرز کی تنصیب کا آغاز
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء) پتنگ کی دھاتی ڈور سے تحفظ کیلئے موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائرز کی تنصیب کا آغاز کردیا گیا۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے دھاتی ڈور سے تحفظ کے لیے موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائرز کی تنصیب کی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور موٹر سائیکل سواروں میں سیفٹی وائرز مفت تقسیم کی جا رہی ہیں، موٹرسائیکلوں پر سیفٹی وائرز کی تنصیب سے قیمتی انسانی جانوں کو دھاتی ڈورسے بچانے میں مدد ملے گی، دھاتی ڈور سے شہریوں کی حفاظت کے لئے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز نے ٹریفک پولیس کو سیفٹی وائر گارڈ کی پابندی کرانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آبشار خدمت مرکز میں سیفٹی وائر گارڈر مہم کا آغاز کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دھاتی ڈور سے بچاؤ کے لئے سیفٹی وائرز شہریوں میں تقسیم کی، وزیراعلیٰ نے موٹر بائیکس سواروں کو سیفٹی وائر گارڈ نہ اتارنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آبشار خدمت مرکز کا دورہ کیا اور مختلف کاونٹرکا معائنہ کیا، سیلف آپریٹنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اٹو میٹڈ سٹیمولیٹر پر ڈرائیو بھی کی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی آبشار خدمت مرکز میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، سہولتوں کے حوالے سے دریافت کیا جب کہ سی ٹی او عمارہ اطہر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سیفٹی وائرز کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیفٹی وائرز نہ ہونے کی وجہ سے چالان نہیں ہوگا، یہ عوام کے تحفظ کے لئے ضروری ہیں، دورے کے دوران مریم نواز شریف نے کہا کہ ’دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے خونی کھیل میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کسی کو عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے‘، اس موقع پر سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، آئی جی، سی سی پی او، اے آئی جی ٹریفک اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات