جامعہ مہران میں ڈبیٹنگ اینڈ ڈرامیٹک سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ قرات و نعت خوانی کے مقابلے ختم

جمعرات 28 مارچ 2024 15:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) مہران یونیورسٹی ڈبیٹنگ اینڈ ڈرامیٹک سوسائٹی کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس اور مرکزی کیمپس جامشورو میں ماہِ رمضان کے دوران منعقدہ قرات و نعت خوانی کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ مقابلہ قرات عبدالقدیر، شکیل احمد اور عزیر نے جیتا جبکہ نعت خوانی کے مقابلہ جیتنے کا اعزاز زوہا جنید، عشا شیخ اور جنید خالد نے حاصل کیا۔

فائنل مقابلہ جات جیتنے والوں میں شیخ الجامعہ جامعہ مہران پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے نقد انعامات و تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ قرات و نعت کے مقابلہ جات کی اختتامی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پاکستان ٹیلیویژن اور دیگر خانگی ٹی وی چینلز پر منعقدہ مقابلہ جات میں جامعہ مہران کے 15 سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور بہترین کارکردگی پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ جامعہ مہران کے طالبِ علم صوبہ اور ملک میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر منوائے ہیں۔ ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ عید کے بعد ڈرامیٹک سوسائیٹی کے پلیٹ فورم سے جامعہ میں ڈراموں کا ہفتہ منایا جائے گا جس میں طلبہ اسٹیج ڈرامے پیش کر پائیں گے اور ڈرامہ کی ڈائریکشن اور اسکرپٹ رائٹنگ کا فن بھی سیکھ پائیں گے۔ تقریب میں جامعہ مہران کے ہاسٹلسز پروووسٹ ڈاکٹر عامر محمود سومرو، مہران یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نصراللہ پیرزادہ، ڈاکٹر سکندر عالمانی و دیگر نے شرکت کی۔