Live Updates

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں 11پی ٹی آئی رہنماﺅں کو ملاقات کی اجازت

بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین اور شیر افضل مروت، فیصل جاوید، زرتاج گل، عمیر نیازی سمیت دیگر کو اجازت دی گئی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 28 مارچ 2024 16:12

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں 11پی ٹی آئی رہنماﺅں کو ملاقات کی اجازت
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) اڈیالہ جیل کے حکام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے پاکستان تحریک انصا ف کے 11رہنماﺅں کو اجازت دیدی،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں میں بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین اور شیر افضل مروت، فیصل جاوید، زرتاج گل، عمیر نیازی سمیت دیگر کو اجازت دی گئی ہے۔پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے لیکن ہماری گاڑیاں روک دی گئی ہیں، عمران خان سے ملاقات کے لیے ایک کلو میٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھاکہ راستوں کی بندش کے حوالے سے ہم نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کیا اور درخواست بھی کی کہ ہمیں دستاویزات ساتھ لے جانے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

دریں اثناءراولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سمیت وی آئی پی قیدیوں اور عام قیدیوں سے ملاقات پردو ہفتے کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ راولپنڈی پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 12 مارچ کو اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی آج اڈیالہ جیل میں ملاقاتیں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں۔

ملاقاتوں پر پابندی کے باعث رمضان میں قیدی دو ہفتے تک اپنے پیاروں سے ملاقات نہیں کرسکے تھے۔ ملاقاتوں پر پابندی کا مقصد بانی پی ٹی آئی سمیت اڈیالہ جیل میں 7 ہزار سے زائد قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق راولپنڈی جیل میں آج سے ملاقاتوں پرپابندی ختم ہوچکی ہے۔ بانی پی ٹی آئی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوسکے گی، راولپنڈی جیل میں موجود تمام قیدیوں کے لواحقین نارمل ایس او پیز کے مطابق ملاقات کرسکیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات