فلسطین میں قبلہ اول کی حفاظت کرنے والے’’غزہ بدر ‘‘کی یاد تازہ کررہے ہیں

جمعرات 28 مارچ 2024 19:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غزوہ بدر اسلام کی عظمت و سربلندی کی عظیم الشان کامیابی ہے۔ فلسطین میں قبلہ اول کی حفاظت کرنے والی'' غزہ بدر ''کی یاد تازہ کررہے ہیں۔17رمضان المبارک کوتاریخ ِ اسلامی کا نہایت عظیم الشان،ایمان افروزاور حیرت انگیز معرکہ ’’غزوہ بدر‘‘ پیش آیا۔

اسلام کی تاریخ میں غزوات اور جنگوں میں غزوہ بدر کو مختلف حیثیتوں سے خاص اہمیت حاصل ہے۔غزوہ بدر کا واقعہ آج بھی مسلمانوں کے دلوں میں ایمانی حرارتوں کو بھڑکانے اور شوق وجذبات کو بیدارکرنے کا غیر معمولی اثر رکھتا ہے۔دنیا کی جنگی تاریخ میں ہونے والے فیصلہ کن معرکوں میں سے غزوہ بدر کی طرح کا کوئی فیصلہ کن معرکہ تاریخ کے صفحات کو معلوم نہیں، جس میں صحیح عقیدے کو فاسد عقیدے پر فتح حاصل ہوئی ہو۔

(جاری ہے)

بدر میں ظلمت کی نور کے ساتھ کفر کی ایمان کے ساتھ باطل کی حق کے ساتھ اور جاہلیت کی اسلام کے ساتھ لڑائی ہوئی اورحق آگیا اور باطل بھاگ گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز افطار سحر و ڈنر تقریبات میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ مسلمانوں کا صرف تین سو تیرہ کا چھوٹا سا لشکر ہے جس کے پاس نہ سواریوں کا انتظام ہے،نہ آلات حرب کی فراوانی،نہ ہی طاقت کو مجتمع کرنے کے لئے بہترین غذاؤں کی سہولت،پیادہ پا، فاقہ زدہ شکم،اور دوسری جانب دشمنوں کا ایک ہزار کا لشکرجو ہر اعتبارسے لیس اور آراستہ، بلکہ فوجیوں کے جوش و جذبے کو بھڑکانے والی ہر چیز کا اہتمام ایسی صورت حال میں جذبے ایمانی اور رسول ﷺ کی قیادت میں صحابہ اکرام کی فتح پوری کائنات کے مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج فلسطین میں عالمی سامراجی قوتوں کے سامنے فلسطین کے دلیر اور اسلام کے ہیروزمجاہدین قبلہ اول کی آزادی اور اسلام کی بقاء کی جنگ محدود وسائل اور تعداد کیساتھ لڑرہے ہیں۔ فلسطین کے مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور بچے امت مسلمہ کے حکمرانوں کی مدد کے منتظر ہیں، اسرائیل فلسطین میں ظلم و بربریت اور انسانیت کی تذلیل کررہا ہے۔ مسئلہ فلسطین کیپائیدار حل کیلئے امت مسلمہ کے حکمران غیر ت ایمانی اور اتحاد امت کا مظاہرہ کریں۔اگر آج مسلم حکومتوں اور حکمرانوں نے فلسطین مسلمانوں کی عملی مدد کیلئے اتحاد کا مظاہر ہ نہ کیا تو کل بروز قیادت اللہ کے حضور جوابدہ ہوں گے۔