چناری، زمین کے تنازعہ اور محکمہ مال ہٹیاں بالا کی جانب سے ریکارڈ مال میں مبینہ طور پر غلط طریقہ سے ردوبدل سے تنگ آکر اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر خود سوزی کرنے والے کے لواحقین کا احتجاج

جمعرات 28 مارچ 2024 19:54

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) زمین کے تنازعہ اور محکمہ مال ہٹیاں بالا کی جانب سے ریکارڈ مال میں مبینہ طور پر غلط طریقہ سے ردوبدل سے تنگ آکر اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر خود سوزی کرنے والے ہٹیاں بالا کے رہائشی بزرگ سید طالب حسین شاہ کے بیٹوں نے انصاف نہ ملنے کی صورت میں 29مارچ بعد از نماز جمعہ ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا کے سامنے ایک بار پھر بھر پور احتجاج کا اعلان کردیا،جبکہ دوسری طرف پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر زیشان حیدر انجمن پٹواریاں،قانون گوئیاں ضلع جہلم ویلی کی جانب سے معافی مانگھنے کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے محکمہ مال جہلم ویلی کے حوالہ سے اپنائے گئے ا پنے موقف پر ڈٹ گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تقریبا ستر سالہ بزرگ سید طالب حسین شاہ ولد سید معصوم شاہ کا اراضی خسرہ نمبر49موضع ہٹیاں بالا میں چوہدری اورنگزیب،چوہدری رشید پسران سائیں کے ساتھ تنازعہ تھا، زمین کے تنازعہ کے ساتھ ساتھ مرحوم کا دعوی تھا کہ ریکارڈ محکمہ مال ہٹیاں بالا میں پٹواریوں اور دیگر کی جانب سے مبینہ طور پر ردوبدل کیا گیا ہے جس سے تنگ آکر طالب شاہ نے 23مارچ کے روز اسی جگہ پر اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی،آگ لگنے کے باعث وہ بری طرح سے جل گئے ،زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ گئے تھے انکی میت کو پیر کے روز ورثاء نے سرینگر مظفرآباد روڈ پر رکھ کر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر کے شدید احتجاج کیا تھا، اس دوران ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی،ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین نے مظاہرین کے پاس پہنچ کر ان کے جائز مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا تھا کہ قبل ازیں بھی اس واقعہ کے حوالہ سے انکوائری کمیٹی قائم ہو چکی ہے جو واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے طالب شاہ کی وفات کے بعد اب روزانہ کی بنیادوں پر اس واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے حقائق کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ڈ پٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی،ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین کی جانب سے مظاہرین کو ان کے جائز مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے روڈ کھول کر نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد طالب شاہ کی تدفین کردی تھی طالب شاہ کی وفات کو چار روز ہونے کے بعد بھی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ورثاء کے مطالبات پورے کرنے کے لیے کوئی پیشرفت سامنے نہ آنے کے بعد مرحوم کے بیٹوں سراج شاہ اور طاہر شاہ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وعدہ کے مطابق محکمہ مال ہٹیاں بالا کے ریکارڈ میں ہونے والی توڑ پھوڑ کو درست نہیں کیا گیا، نہ ہی ہمارے والد کو اکسا کر خود سوزی کروانے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی،جن افراد نے محکمہ مال سے ملی بھگت کر کے زمینوں پر قبضے کر رکھے ہیں ان سے وہ قبضے بھی واگزار کروانے کے لیے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آئے ہمارے والد کی خود سوزی نہیں،قتل ہے اب ہم بھی تنگ آچکے ہیں صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ہماری صدر،وزیر اعظم،چیف جسٹس صاحبان سپریم و ہائی کورٹس،چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد کشمیر سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دلایا جائے بصورت دیگر ہم بعد از نماز جمعہ29مارچ کو ہٹیاں بالا ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے ایک بار پھر احتجاج کریں گے ہمارا احتجاج انصاف کے حصول تک جاری رہے گا،دوسری طرف سید طالب حسین شاہ کے ورثاء کی جانب سے پیر کے روز میت سڑک پر رکھ کراحتجاج کے دوران پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر سید زیشان حیدر کی جانب سے محکمہ مال جہلم ویلی باالخصوص پٹواریوں کے خلاف کیے جانے والے خطاب کے بعد انجمن پٹواریاں ،قانون گوئیاں ضلع جہلم ویلی کے ضلعی صدر ملک امجد علی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں زیشان حیدر کے محکمہ مال کے آفیسران اور فیلڈ سٹاف کے حوالہ سے دیے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی مانگھنے کا مطالبہ کیا گیا ،معافی نہ مانگھنے کی صورت میں ان کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا تھا،انجمن پٹواریاں ،قانون گوئیاں ضلع جہلم ویلی کے مطالبہ پر پی ٹی آئی رہنماء زیشان حیدر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک غریب شخص کی جان چلی گئی اس شخص کی زمین کے ریکارڈ کی توڑ ،پھوڑ میں پٹواری ملوث ہیں جس پٹواری نے طالب شاہ کی زمین کے ریکارڈ کی توڑ پھوڑ کی اسی کی ایماء پر انجمن پٹواریاں ،قانون گوئیاں ضلع جہلم ویلی نے اجلاس منعقد کر کے مجھ سے معافی کا مطالبہ کیا میں ان کے مطالبہ کو جوتی کی نوک پر رکھتا ہوں، احتساب بیورو میرے اور جہلم ویلی کے پٹواریوں کے اثاثوں کی تحقیقات کروائیں سچ سامنے آجائے گا کہ کون چور ہے پٹواری ایک مافیا ہیں جو سسٹم کی جڑوں میں بیٹھے ہوئے ہیں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں لوگ زمین کے چکروں میں زلیل اور رسوا ہوتے ہیں اس میں عدالتوں کا کوئی قصور نہیں ہے سارا قصور محکمہ مال اور پٹواریوں کا ہے جنکی طرف سے ریکارڈ میں توڑ پھوڑ کے باعث غریب عوام زلیل ہوتے ہیں ،سچ بولنے پرمجھ سے معافی مانگھنے کا مطالبہ کرنے والے بتائیں کہ ایک غریب شخص ان ہی کی وجہ سے اللہ کو پیارا ہو گیا اس کا جواب کون دے گا جہلم ویلی،ہٹیاں بالا میں زیادہ تر زمینوں پر قبضہ مافیا کے ڈیڑے ہیں اسی قبضہ مافیا کو جہلم ویلی کے تمام پٹواریوں کی سپورٹ حاصل ہے ،عوام کے ساتھ ظلم وستم برداشت نہیں کرسکتا ہوں زندگی کی آخری سانسوں تک جہلم ویلی کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرتا رہوں گا وزیر اعظم ،چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد کشمیر کو اس ساری صورتحال کا فوری طور پرنوٹس لینا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔