اشیاء و خورو نوش اور ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دی گئی ہیں

بڑھتی ہوئی مہنگائی گلے کا پھندہ بن گئی ہے،ہماری پنشن میں فور ی اضافہ کیا جائے

جمعرات 28 مارچ 2024 21:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) آل بینکس ریٹائرڈ ایمپلائزویلفیئر ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما افتخار حسین میر اورمقصود چغتائی نے کہاہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی گلے کا پھندہ بن گئی ہے۔ ہماری پنشن میں فور ی اضافہ کیا جائے ورنہ بھوک ہڑتال کریں گے۔ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دی گئی ہیں۔ اشیاء ضروریہ و خورو نوش قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں۔

آمدن نہ ہونے کی وجہ سے نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان اپنے فیصلے پر عمل درآمد کروائے ۔مقدمہ محمد ظفر وغیرہ بنام الائیڈ بینک لمیٹڈ کا فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 17جنوری 2020 کو بینک کے ریٹائرڈ ملازمین کے حق میں سناتے ہوئے پوری پینشن ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔جس پر مقامی بینک کے مالکان نعیم مختار، وسیم مختار اور شیخ مختار نے ابھی تک عمل درآمد نہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

معزز عدالت کے فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ اوربینک مالکان مسلسل توہین عدالت کررہے ہیں۔ ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ اس ظلم کا نوٹس لیں اور بینک کے ریٹائرڈ ملازمین کو فوری طورپر پوری پنشن دلوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلب چوک سے لاہورپریس کلب تک نکالی گئی احتجاجی ریلی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ریلی میں پنشنرز کی کثیر دتعدادنے شرکت کی جو اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ پاکستان پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے قائدین نے بھی آل بینکس ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔پنشنرز کا کہنا تھا کہ بوڑھے ضعیف اور بیمار ریٹائرڈ ملازمین پانچ سے چھ ہزار روپے ادویات پر ہر ماہ خرچ کرتے ہیں۔ ذرائع آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے فاقہ کشی اور خود کشی پر مجبور ہیں۔ اور ایک ایک کر کے قبروں میں جا رہے ہیں۔بینک کے مالکان نعیم مختار وسیم مختار اور شیخ مختار ان بوڑھے اور ناتواں پنشنرز پر رحم کھائیں اور پوری پنشن بحال کریں۔ ورنہ احتجاج کا دائیرہ کار بڑھا دیا جائے گا۔