دوران ڈیوٹی بہادری اور فرض شناسی کا بے مثال مظاہرہ/ انسپکٹر ابرار حیدر گیلنٹری ایوارڈ کیلئے منتخب

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او رائے ونڈ لاہور انسپکٹر ابرار حیدر کو گیلنٹری ایوارڈ سے نوازا

جمعرات 28 مارچ 2024 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او رائے ونڈ لاہور انسپکٹر ابرار حیدر کو گیلنٹری ایوارڈ سے نوازا ہے۔ انسپکٹر ابرار حیدر کو سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں گیلنٹری ایوارڈ سے نوازا گیا، تقریب میں انسپکٹر ابرار حیدر کے اہلخانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔

انسپکٹر ابرار حیدر کو دوران ڈیوٹی بہادری اور فرض شناسی کے بے مثال مظاہرے پر گیلنٹری ایوارڈ کا حق دار ٹھہرایا گیا۔ انسپکٹر ابرار حیدر نے سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب خطرناک ملزمان کی سرکوبی کا مشن پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سر انجام دیا ۔ لاہور رائے ونڈ کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں گذشتہ برس مجرمان نے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھینی، فائرنگ کرکے شہریوں کو زخمی ، پٹرولنگ ڈیوٹی پر مامورانسپکٹر ابرار حیدر نے مجرمان کا بہادری سے مقابلہ کیا، فائرنگ تبادلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا کیفر کردار تک پہنچا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسپکٹر ابرار حیدر کی شاندار کارکردگی کو سراہا ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کیلئے اسی جوش و جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔