وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، امن و امان سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعرات 28 مارچ 2024 21:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورہ پشاور کے دوران وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی ۔ملاقات میں صوبے میں امن و امان سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔

ملاقات میں گذشتہ روزبشام میں چینی باشندوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دونوں رہنماوں نے چینی حکومت اور ہلاک شدگان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے اور دہشتگردی کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کے عناصر قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے،پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے ، خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے موثر کوآرڈینیشن کی ہدایت بھی کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان کی بہتری صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور اس مقصد کیلئے صوبے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا۔

اُنہوں نے کہاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ علی امین نے واضح کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی و بہتری کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبہ ہے جو دہشت گردی سے سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے۔