غیرملکی ماہرین پرحملے پاکستانی معیشت پرحملے ہیں، میاں زاہد حسین

جمعرات 28 مارچ 2024 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ کاروباری برادری بشام میں دہشت گردی کے واقعہ کی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ اس واقعے میں پانچ چینی انجینئیرہلاک اور ایک پاکستانی جان بحق ہوگئے ہیں۔

یہ حملہ پاکستان کے گراں قدر دوست ملک سے تعلقات خراب کرنے کی سازش ہے جوکبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ غیرملکی ماہرین پرحملے پاکستانی معیشت پرحملے ہیں جنھیں روکا جائے اورذمہ داروں کوقرارواقعی سزا دی جائے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بشام کے مقام پرایک گاڑی پرخودکش حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

2021 میں بھی ایسے ہی ایک واقعے میں نوچینی ماہرین سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد مقامی ڈیم پرکام کئی ماہ بند رہا۔ اسی ڈیم پرکام کرنے والے چینیوں پردوبارہ ایسا حملہ قابل مذمت ہے اورسیکورٹی کی ناکامی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ دہشت گرد ملک بھرمیں حملے کرکے پاکستان کوغیرمستحکم کررہے ہیں جن کے خلاف بھرپورکاروائی کی ضرورت ہے۔

ملک بھرمیں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں دشمن ممالک کا ملوث ہونا خارج ازامکان نہیں ہے بلکہ یقین ہے کہ دشمن ممالک کسی صورت میں پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام نہیں چاہتے اور نہ ہی سی پیک کوقبول کرنے کوتیار ہیں اس لئے اس سلسلہ میں ہرممکن روڑے اٹکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا راستہ نہ روکا گیا تویہ ملک بھرمیں آگ لگا دینگے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکورٹی بڑھائی جائے، دہشت گردی میں ملوث عناصرکے خلاف قوانین کوسخت کیا جائے ان کے پاکستان میں ہینڈلرز کو تلاش کیا جائے اورانکے خلاف مقدمات کوفوری طورپرنمٹایا جائے۔ سزاؤں پر سرعام عمل درا?مد کرنے پرغورکیا جائے جبکہ انکے سلیپرسیلزاوربیرون ملک پناہ گاہوں کوختم کرنے کے لئے ہرممکن قدم اٹھایا جائے۔#