پی ڈی ایم سیریز ون ،ٹو کے بعد ملک تنزلی کی جانب گامزن ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

عوام سے مزید قربانی کا تقاضہ کرنے کی بجائے اقتدارکی باریاں لینے والوں کو آگے آنا چاہیے ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 29 مارچ 2024 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ آئین و قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کو آج تک درست سمت نہیں مل سکی ، عوام دہائیوں سے قربانی دیتے چلے آرہے ہیں اس لئے ان سے مزید کسی قربانی کا تقاضہ کرنے کی بجائے اس بار اقتدارکی باریاں لینے والوں کو آگے آنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں لیکن عوام کی حالت اس کے برعکس ہے اور ان کی بد حالی روز بروز بڑھ رہی ہے ، بد ترین مہنگائی ،بجلی اور گیس کی قیمتوں نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے اور ان کے لئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی نا ممکن ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں معاشی اشاریے مثبت تھے اور عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں ، پی ڈی ایم سیریز ون اور ٹو کے بعد ملک تنزلی کی جانب گامزن ہے اور یہ سلسلہ رکتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین و قانون کی بالا دستی اور جمہوریت کی بقاء کے لئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے گی اور ان شا اللہ طویل سیاہ رات کا جلد خاتمہ ہوگا۔