سندھ ہائی کورٹ الیکشن ٹریبول ، این ای238 حلیم عادل شیخ کی درخواست پر جماعت اسلامی کے امیدوار سیف الدین کو نوٹس جاری

جمعہ 29 مارچ 2024 16:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ الیکشن ٹریبول نے قومی اسمبلی کے حلقہ 238 سے امیدوار حلیم عادل شیخ کی درخواست پر جماعت اسلامی کے امیدوار سیف الدین کو نوٹس جاری کردیئے۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ الیکشن ٹریبونل میں قومی اسمبلی کے حلقہ 238 کے امیدوار حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ٹریبونل نے درخواست کی سماعت پر فریقین کی عدم حاضری پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں 27 فریقین ہیں لیکن چند کے علاوہ دیگر پیش نہیں ہورہے۔

الیکشن ٹریبونل نے جماعت اسلامی کے امیدوار سیف الدین کو بھی نوٹس جاری کردیئے۔ٹریبونل نے ایس ایس پی شرقی کو سیف الدین کو نوٹس فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔الیکشن ٹریبونل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر متعلقہ ایس ایچ او عدالت میں پیش ہوں۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او سیف الدین کو نوٹس پہنچانے کے متعلق کورٹ کو آگاہ کرے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سیف الدین نے حلقہ 238 سے تیسرے نمبر پر ووٹ حاصل کیئے تھے ان کا پیش ہونا ضروری ہے الیکشن ٹریبونل نے حلقہ 238 کا فارم 45 الیکشن کمیشن کو اپنی تحویل میں محفوظ رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس حلقہ فارم 45 سمیت تمام بیگس دیگر تمام حلقوں سے علیحدہ رکھے جائیں۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر ضروری ہوا تو فارم 45 طلب کیے جائیں گے فی الحال فارم 45 کو عدالت میں پیش کرنے کی ضرورت نہیں ۔الیکشن ٹریبونل نے درخواست کی مزید سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔