پنجاب حکومت نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کو ہائی پروفائل قرار دیدیا

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت خاتون کے بہیمانہ قتل کو ہائی پروفائل ڈکلیئر کیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ پولیس افسر،سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو یکم اپریل کو طلب کیا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 16:15

پنجاب حکومت نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کو ہائی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) پنجاب حکومت نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کو ہائی پروفائل قرار دیدیا،اس حوالے سے پراسیکیوٹرجنرل پنجاب فرہاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت خاتون کے بہیمانہ قتل کو ہائی پروفائل ڈکلیئر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او)، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اور ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو یکم اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

افسران کو تفتیش، شہادت اکٹھی کرنے کے بارے میں لائن آف ایکشن دیا جائے گا، مزید کہا کہ محکمہ پراسیکیوشن جرائم کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔فرہاد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ مقتولہ کا والد عبد الستار اور بھائی شہباز شریک ملزم ہیں، پولیس کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ میں درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ماریہ کی بھابھی اور بھائی نے ملزمان پر لڑکی سے زیادتی کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ملزمان نے انہیں بھی جان سے مارنے دھمکیاں دی تھیں۔

ماریہ کے بھائی شہباز اور بھابھی نے ملزمان فیصل اور عبدالستار پر لڑکی سے زیادتی کا الزام عائد کردیا۔منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں یہی خاتون قتل کے وقت بنائی جانے والی ویڈیو میں بھی نظر آرہی تھیں، جبکہ قتل کی ویڈیو بنانے والا شہباز ہے۔مقتولہ کی بھابی نے بتایا کہ ماریہ میری نند تھی، ہم جہاں رہتے تھے وہاں میرا بندہ (شوہر) مزدوری کرتا تھا، میری دو بیٹیاں ہیں، ماریہ اس کا بھائی اور باپ گھر پر رہتے تھے، ہم روزے رکھنے کیلئے گھر آئے کہ روزے گھر پر رکھیں گے، جب ہم گھر آ ے تو ماریہ میرے آگے روئی، وہ کہنے لگی کہ بھابھی میرے ساتھ ایسے ایسے ظلم ہورہا ہے، میرے بھائی کو بتوٴ کہ وہ مجھے انصاف دلائے اور باپ اور بیٹے سے بچائے۔

یاد رہے کہ تھانہ صدر ٹوبہ کی حدود کے علاقے چک نمبر 477 ج ب آلو وال میں 17 اور 18 مارچ کی شب ماریہ نامی لڑکی کوگلا دبا کر قتل کیا گیا۔گزشتہ روزبھائی کے ہاتھوں اپنی بہن کی گلا دبا کر قتل کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مرنے والی لڑکی ماریہ کے والد بھی قتل کے موقع پر آرام سے سب کچھ دیکھتے رہے ۔ ملزم فیصل نے نے 3 منٹ تک بہن کے منہ پر تکیہ رکھا۔

کمرے میں باپ اور گھر کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔منظرعام پرآنے والی ویڈیو میں رشتہ دار قتل کی ویڈیو بناتا رہا جبکہ باپ اور ایک عورت بھی اس موقع پر موجود تھے جو سکون سے قتل کا منظر دیکھتے رہے۔ قتل کے بعد لڑکی کی خاموشی سے تدفین بھی کر دی گئی۔ ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے باپ اور بیٹے کوگرفتار کرلیاگیا تھا جبکہ مقتولہ کے دوسرے بھائی نے قبرکشائی کی درخواست بھی دی تھی۔