نومنتخب سینیٹرز ایوان بالا میں بلوچستان کے مسائل کوموثر اندا ز میں اجاگر کریں گے، سردار سربلند جوگیزئی

جمعہ 29 مارچ 2024 20:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے بلوچستان سے جنرل ،ٹیکنوکریٹ اورخواتین کی نشستوں پر بلامقابلہ منتخب ہونے والے سینیٹرز کومبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو نومنتخب سینیٹرز ایوان بالا میں موثر اندا ز میں اجاگر کرتے ہوئے انکے حل میںاپنا کردارادا کریں گے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میںسردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں موجودسیاسی جماعتوں نے یکجا ہوکر جنرل،ٹیکنوکریٹ اورخواتین کی نشستوں پر تمام سینیٹرز کو بلامقابلہ کامیاب کرایا جس پر تمام سیاسی جماعتیں داد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میںسینٹ کے انتخابات کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ وزیراعلیٰ بلوچستان اوردیگرسیاسی قائدین کی کوششوں سے بلوچستان سے جنرل 7،ٹیکنوکریٹ کی 2اور خواتین کی 2نشستوں پر سینٹ کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلامقابلہ منتخب ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے سینیٹرز کومبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب سینیٹرز ایوان بالا میں بلوچستان کے مسائل کوموثرانداز میںاجاگر کرکے ا نکے حل کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد بلوچستان سے سینٹ کی 11نشستوں پر تمام امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے بلامقابلہ سینیٹرز منتخب کرانے پر بلوچستان اسمبلی کی تمام پارلیمانی جماعتوں کو بھی مبارکباد پیش کی اورکہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایسے ہی متحد ہوکر بلوچستان کے مسائل کے حل میںبھی اپنا کردارادا کرتی رہیں گی۔