پشاور ہائیکورٹ نے زین قریشی کی 4مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرلی

ہم جن مقدمات میں ضمانت دیں اگر پنجاب پولیس گرفتار بھی کرلے تو ہم آپ کو ریکور کریں گے، چیف جسٹس

جمعہ 29 مارچ 2024 20:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) پشاور ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کی 4مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس ابراہیم خان نے پی ٹی آئی رہنما و رکن قومی اسمبلی زین قریشی کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے زین قریشی سے استفسار کیا کہ آپ تو پہلے بھی آئے تھے۔زین قریشی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اب 4مزید مقدمات درج کیے گئے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم جن مقدمات میں ضمانت دیں اس کے بعد اگر پنجاب پولیس بھی گرفتار کرے تو ہم آپ کو ریکور کریں گے۔بعد ازاں عدالت نے زین قریشی کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 4مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرلی۔