Live Updates

عید کیلئے تیار جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جعلی ڈرنکس کو لاہور اور ملحقہ علاقوں کی چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 مارچ 2024 11:15

عید کیلئے تیار جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے عید کے لیے تیار جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صدر ایریا میں واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ مارا، اس دوران 8 ہزار بوتلیں، 3 فلنگ بلوئنگ مشینیں، 2 ممنوعہ ڈرم، گیس پلانٹ سمیت جعلی لیبل ضبط کرلیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ کھلے رنگ، کیمیکلز اور ناقص پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں، معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، اس دوران ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں، کیمیکلز اور فلیورز سے تیار محلول سپلائی کے لیے تیار رکھا پایا گیا، معروف برانڈز کی جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس تیار کرنے کے لیے تیار محلول ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا، جعلی ڈرنکس کو لاہور اور ملحقہ علاقوں کی چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا، منظورشدہ فارمولے کے بغیر پانی میں کیمیکلز، فلیورز اور رنگ ڈال کر نقلی ڈرنکس تیار کی گئیں تھیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر میٹ سیفٹی ٹیموں نے ٹولنٹن مارکیٹ اور سبزہ زار مارکیٹ کی چیکنگ کی، جہاں سے 880 کلو بیمارمرغیاں اور باسی بدبودار گوشت تلف کر دیا گیا، اس دوران 9 دکانداروں کو90 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران فالج، فلو اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا کم وزن مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑلی، بیمار مرغیاں گوشت کی تیاری کے لیے ٹولنٹن مارکیٹ سے لائی گئی تھیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ میٹ شاپس پر غیر معیاری زائد المیعاد گوشت فریزر میں فروخت کے لیے رکھا پایا گیا، دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی، لاہور میں سپلائی کیے جانے والے گوشت کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے ہمیشہ صحت مند مرغی ذبح کروا کر گوشت خریں، ٹولنٹن مارکیٹ سے روزانہ کی بنیاد پر سپلائی کیے جانے والے گوشت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پنجاب کی عوام تک محفوظ گوشت کی فراہمی کے لیے مسلسل ناکہ بندی اور چیکنگ کی جارہی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈسیفٹی ٹیموں کا صحت دشمن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں ٹیموں نے راوی ٹاؤن اور انار کلی فوڈ سٹریٹ میں سحری پوائنٹس اور رول پٹی پکوڑیاں یونٹس کی چیکنگ کی، اس دوران 13پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جس میں سے 3 یونٹس بند، 2 مقدمات درج، 8 پوائنٹس کو 2 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے اور 2 کو معمولی نقائص پراصلاحی نوٹسز جاری کردیے گئے اور1 ہزار کلو مردہ و مضر صحت گوشت، 800 لٹر ناقص زائد المیعاد آئل اور 500 کلو سے زائد گندے آئل سے تیار پکوڑیاں، رول پٹی تلف کردی گئیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات