لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی 3سال کیلئے چیئرمین نادرا تعیناتی کی منظوری دیدی گئی

نگران حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تعیناتی تاحکم ثانی کی تھی،ذرائع

ہفتہ 30 مارچ 2024 13:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) وفاقی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو 3سال کیلئے چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق نگران حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تعیناتی تاحکم ثانی کی تھی جس کے بعد اب وفاقی حکومت نے ان کی تین سال کیلئے تعیناتی کی منظوری دی ہے۔حاضرسروس افسر کی چیئرمین نادرا تعیناتی کیلئے متعلقہ رول شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطا بق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے وزارت داخلہ کی سمری منظورکی، متعلقہ رولز کے تحت نگران دورکی تعیناتی کی منتخب وفاقی حکومت سے توثیق کی ضرورت تھی۔الیکشن ایکٹ کے سیکشن 230کے تحت اسی عرصے کی تعیناتی قلیل مدتی تصورہوتی ہے۔وفاقی کابینہ نے نادرا رولز 2020میں رول 7اے شامل کرنے کی منظوری دی ہے، رول7اے کے تحت کسی بھی حاضر سروس افسر کو قومی مفاد میں چیئرمین نادرا تعینات کیاجاسکتا ہے، بشرطیکہ حاضر سروس افسر کا عہدہ گریڈ 21سے کم نہ ہو۔محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی 2اکتوبر 2023کو کی گئی تھی۔