مٹھی بھر دہشتگرد ہماری مثالی دوستی میں دراڑ ڈال کر پاکستان میں چینی سرمایہ کاری روکنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں،زیشان نقوی

سی پیک کو کسی صورت ناکامی کا شکار نہیں ہونے دیاجائے گا،یہ پاکستان کی معاشی شہہ رگ ہے، جس پر وار کرنے والوں کو انجام عبرتناک ہوگا، مسلم لیگی رہنما

ہفتہ 30 مارچ 2024 16:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے سنیئر رہنما و سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سیدزیشان علی نقوی نے کہاہے کہ شانگلہ بشام میں چینی قافلے پر خودکش حملہ ناقابل مذمت ہے، مٹھی بھر دہشتگرد ہمسایہ ملک چین سے ہماری مثالی دوستی میں دراڑ ڈال کر پاکستان میں چینی سرمایہ کاری روکنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں ان کی یہ سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات دیرینہ و لازوال ہیں جنہیں سبوتاژ نہیں کیاجاسکتا،دونوں ممالک ایک دوسرے کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں جن کے خاتمہ کیلئے آئندہ بھی تعاون جاری رکھے ہیں۔ مسلم لیگی رہنما سید زیشان علی نقوی نے کہاکہ سی پیک کو کسی صورت ناکامی کا شکار نہیں ہونے دیاجائے گا،یہ پاکستان کی معاشی شہہ رگ ہے جس پر وار کرنے والوں کو انجام عبرتناک ہوگا، دہشتگردوں کے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پرپوری پاکستانی قوم سوگوار ہے اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دہشتگردملکی معیشت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں مگر پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ہمارے بہادر جوان دشمن کو نیست ونابود کریں گے،ملک سے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔