کوہاٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کے سیکورٹی بارے اجلاس، حکومت کی جانب سے مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی

ہفتہ 30 مارچ 2024 16:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) کوہاٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے کوہاٹ کے منتخب رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی کی زیر صدارت انڈسٹریل اسٹیٹ آفس کوہاٹ میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن صوبائی اسمبلی محمد شفیع جان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عظمت اللہ وزیر، ڈی پی او کوہاٹ عمر خان اور بانی صدر چیمبرس آف کامرس کوہاٹ رشید پراچہ کے علاوہ فلورملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین فہیم اللہ، کوہاٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کے کارخانہ دار، انڈسٹرل اسٹیٹ یونین سمیت کوہاٹ چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی پی او نے کوہاٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے مکمل یقین دہانی کرائی۔انڈسٹریل اسٹیٹ کے دوسرے مسائل کے حوالے سے وزیراعلی خیبر پختونخوا سے بھی ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اجلاس میں ایم این اے شہریار خان آفریدی، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی، ایم پی اے محمد شفیع جان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، کوہاٹ کے عوامی نمائندگان، انڈسٹریل اسٹیٹ کے کیبنٹ اور انڈسٹریل اسٹیٹ سے متعلق محکموں کے نمائندگان پر مشتمل ایک کمیٹی بھی بنائی گئی جو ہر مہینے کے پہلے ہفتے اپنا اجلاس منعقد کرے گی جس میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے کارخانہ داروں کے مسائل کو زیرغور لایا جائے گا اور ان مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے۔