لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس، علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں وارنٹ منسوخی کی درخواست راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر کی تھی

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 اپریل 2024 14:33

لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس، علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اپریل 2024ء ) لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے تھانہ کورال میں پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمات میں علی امین گنڈاپور اور شاہ محمود قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعلقہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کیا اور وارنٹ منسوخی کی درخواست راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی، جس پر سماعت کے بعد علی امین گنڈاپور کے لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ ہوگئے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے یہ کیس ڈسچارج کرنے کے فیصلے کی روشنی میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے گئے اور کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا حکم دیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے تھانہ کورال میں درج مقدمہ کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور اور شاہ محمود قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور فیصل جاوید خان اور علی نواز اعوان کو بری کردیا تھا، ان پر پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمات تھے، عدالت نے طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے اور فیصل جاوید خان اور علی نواز اعوان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کیا اور عدالت نے کیس کو 20 مئی کو دوبارہ سماعت کیلیئے مقرر کیا۔