ن* جماعت اسلامی کی عید کے موقع پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت

پیر 1 اپریل 2024 17:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اپریل2024ء) جماعت اسلامی کے راہنمائوں پروفیسرمحبوب الزماںبٹ،شیخ محمدمشتاق،میاں طاہرایوب،اجمل حسین بدر نے عیدکی موقع پر پٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھربھاری اضافہ کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے مارے عوام پر ڈرون حملہ قراردیاہے۔ انہوں نے کہاکہحکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گئی ہے، قوم بند کمروں میں ہونے والے فیصلے قبول نہیں کرے گی۔

پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لانگ مارچ کرنے والے موجودہ حکمران حکومت میں آکر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں ۔ گیس اور پٹرول اور یل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کی خبروں نے عوام کے ہوش اڑادیئے ہیں، حکمرانوں نے بھی آتے ہی بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی بل عوام کے لئے موت کے پروانے بن گئے ہیں۔

حکمران اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو تکلیف بھی نہ دیں ۔ عوام کو تکلیف پہنچانے والے عوامی غیظ وغضب سے بچ نہیں سکیں گے ۔مسلسل مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ عوام کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانے کے لیے بھی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ عوام ٹینشن اور ڈپریشن کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کی نصف سے زائد آبادی بیروزگار ہو چکی ہے قیمتیں بڑھانے سے عوام پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، اگر حکومت نے ماضی کی پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے پٹرول ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا تو عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی دوتہائی آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار نے پر مجبور ہے۔ 25 ہزار اوسطاً تنخواہ لینے والے شخص کا گھر کا بنیادی خرچہ 75 ہزاروپے سے تجاوز کر چکا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ پٹرول، ایل پی جی،بجلی، گیس اور کی قیمتوںمیں اضافہ فوری طورپر واپس لیا جائے ۔