آبادی کے کنٹرول کیلئے متعدداقدامات عمل میں لائے گئے ہیں،ثمن رائے

منگل 2 اپریل 2024 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ثمن رائے نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے صوبہ بھر میں تیزی سے آبادی کے پھیلا ئوکے کنٹرول کے لئے متعدد اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔اس سلسلہ میں پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ میں دور رس نتائج کے حامل پروگرام شروع کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں میں شعور و آگاہی کے ذریعے مستقبل میں آبادی کے پھیلائو کوکنٹرول جا سکے۔

منگل کے روز منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی شرح نمو 2.13ہے جس کے نتیجے میں کل آبادی 11کروڑ سے زائد ہے۔فیملی پلاننگ کی ضروریات، سپلائی اور اس سے متعلقہ خدمات کی فراہمی میں موجود فرق کی وجہ سے 10لاکھ سے زائد اسقاط حمل اور 10لاکھ اضافی بچوں کی پیدائش ریکارڈکی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقائق اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ فیملی پلاننگ کیلئے درکار ضروریات اور شرح نمو میں اضافے کا تناسب ایک دہائی سے برقرار ہے اور خاندانی منصوبہ بندی کے روایتی طریقوں سے اس فرق کا خاتمہ نہایت مشکل کام ہے۔

خاندانی منصوبہ بندی کی کوریج بڑھانے کے ساتھ بہتر معیار کی خدمات فراہم کر نے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈکا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو جدید طریقہ جات اپنا کر کلائنٹس کے گھروں تک خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔ ان تمام جدید اقدامات کا مقصد انوویشن پر مبنی کمیونیکیشن اپنا کر خاندانی منصوبہ کی خدمات تک بالخصوص دیہی علاقوں کے رہائشی افراد کی آسان رسائی ممکن بنانے میں سر گرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ کی جانب سے اہداف کے حصول کیلئے 4نکاتی ایجنڈا متعارف کروایا گیا ہے۔ جس میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات میں اضافہ یقینی بنانا، مردوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی،خاندانی منصوبہ بندی پر آنے والے اخراجات کا خاتمہ اور نوجوان طبقہ پر توجہ مرکوزکرتے ہوئے خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات اورمعلومات ہر فرد تک پہنچانے کیلئے جدید ذرائع ابلاغ سے استفادہ اٹھانا شامل ہے تا کہ عوام کے روئیوں اور سوچ میں مثبت تبدیلی لا کر پنجاب کی آبادی اور وسائل میں توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔