عیدالاضحیٰ پر ڈیوٹی دینے والے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کے لیے اوجڑی الاؤنس کی منظوری

منگل 2 اپریل 2024 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) عیدالاضحی پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے سی ڈی اے سینی ٹیشن،انوائرمنٹ اور ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کے لیے اوجڑی الاؤنس منظورکروالیا گیا۔ اسی سلسلے میں سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفترمیں اظہارتشکرکی تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدراورنگزیب خان، سردارمحمد آصف،راجہ محمدرفیق،وارث دلیپ،طارق شریف،راناندیم،مشتاق مسیح،سید امیرشاہ کاظمی،راجہ غلام مرتضیٰ،ملک محمد اسلم،چوہدری منیر،راجہ ارشد،فاروق نور،نذاکت حسین،یعقوب خان سمیت سی بی اے کمیٹی کے نمائندگان اور ملازمین نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

اس موقع پر تمام ملازمین نے اوجڑی الاؤنس منظورکروانے پر سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین اورانکی ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ملازمین کو الاؤنس دلوانے پر ہم سی ڈی اے مزدور یونین کے قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مہنگائی کے اس دورمیں سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ملازمین کے لیے اوجڑی الاؤنس منظورکرنے پر ہم چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن(ر) انوارالحق،ممبرفنانس طاہر نعیم اختر،ڈپٹی فنانشل ایڈوائزرشاہ نواز،ڈی جی سوک مینجمنٹ جوادحیدرشاہ،ڈائریکٹر معشوق علی شیخ اور پوری انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہیں،یقینا اس سے غریب ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی اور وہ اپنے مذہبی تہواراحسن طریقے سے مناسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ سی ڈی اے مزدور یونین ہی ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے جوملازمین کی بلاتفریق خدمت کررہی ہے اور ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ جہاں ہم نے اپنے مسلم ملازمین کے لیے حج پالیسی بنائی وہاں اپنے مسیحی ملازمین کو انکے مذہبی مقام ویٹی کن سٹی بھیجااور انکے دونوں مذہبی تہواروں پر کرسمس اور ایسٹرالاؤنس کی منظوری کروائی،سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے چارسوسے زائدملازمین کوٹائم سکیل پروموشن،نوسوسے زائد نئے ملازمین کی بھرتی کروانے سمیت خواتین ملازمین کے لیے بطور میٹ پروموشن کوٹہ مختص کروایا اورہم پچیس سوسے زائد فیلڈسٹاف کی پروموشن کرواچکے ہیں جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی،مزدور یونین نے ادارے کے مالی،بیلدار،والومین و دیگر فیلڈسٹاف جو اسی سکیل میں ریٹائرڈ ہو جاتاتھااسکی پروموشن کے لیے تعلیم کی شرط کا خاتمہ کروایا جس سے ادارے کے سینکڑوں ملازمین مستفید ہونگے اور وہ اگلے سکیل میں ترقی حاصل کر سکیں گے اس کے ساتھ ساتھ وہ ملازمین جن کی لائن آف پروموشن نہیں ہے ان کی پروموشن کے لیے انتظامیہ سے گفت وشنید جاری ہے اوربہت جلد ملازمین کو انکے پلاٹوں اور پروموشن کے حوالے سے خوشخبری ملے گی،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ان مشکل ترین حالات میں ملازمین کو 20فی صد مہنگائی الاؤنس دلوایا اور تمام الاؤنسزمیں 50سے 100فی صد اضافہ کروایا۔

سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ اپنے ملازمین کی فلاح کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ بھی انکے حقوق کی خاطر انکے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔