روس میں متعین پاکستان کے سفیرمحمد خالد جمالی کا کروکس سٹی ہال ماسکو کا دورہ

Ishtiaq Hamdani اشتیاق ہمدانی منگل 2 اپریل 2024 20:22

روس میں متعین پاکستان کے سفیرمحمد خالد جمالی کا کروکس سٹی ہال ماسکو ..
ماسکو (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2اپریل۔2024ء) روس میں متعین پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے گزشتہ جمعہ کو ماسکو کے کروکس سٹی ہال میں ہونے والے مہلک دہشت گرد حملے کے متاثرین کی یاد میں تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے ماسکو میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد کے حوالے سے ہونے والی ایک پروقار تقریب کے دوران یادگار پر پھول چڑھائے۔

یاد رہے اس سے قبل پاکستان کے سفیر نے کہا تھا کہ میں ماسکو کے کروکس سٹی ہال میں ہونے والے دہشت گردانہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے پسماندگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں. سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں روس کے لوگوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان حملوں سے ہونے والی ہولناکی اور تکلیف کا تصور کر سکتے ہیں، کیونکہ پاکستان نے دہشت گردی سے لڑتے ہوئے ایک لاکھ سے زیادہ جانیں قربان کی ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے نمائندے اشتیاق ہمدانی کے مطابق غیرملکی سفارت کاروں نے ماسکو کے کروکس سٹی ہال کا دورہ کیا، جہاں مہلک دہشت گرد حملوں کے متاثرین کی یاد میں یادگار پر پھول چڑھائے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق اس تقریب میں پاکستان سمیت 130 سے زائد ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں مجموعی طور پر 250 سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے، انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والے گروپس اور روسی سفارت کار بھی شامل تھے۔