Live Updates

عمران خان نے 9مئی مقدمات میں بریت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر دی

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میںبانی پی ٹی آئی کیخلاف9مئی واقعات کے کیس کی سماعت ہوئی،عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے درخواست دائر کی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 3 اپریل 2024 10:24

عمران خان نے 9مئی مقدمات میں بریت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اپریل2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 9مئی مقدمات میں بریت کیلئے اسلا م آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانا کھنہ میں درج 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا پیش ہوئے اور انہوں نے عمران خان کی بریت کی درخواست دائر کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے استفسار کیا بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ کا چالان جمع ہو گیا ہے، بانی پی ٹی آئی پر کتنے کیسز رہتے ہیں؟وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کی سزا معطل ہو چکی، عدت میں نکاح، سائفر کیس میں سزائیں ابھی باقی ہیں جبکہ 190 ملین پاوٴنڈ اسکینڈل کیس میں ضمانت کرانی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 مئی کو دلائل طلب کر لئے۔

یاد رہے کہ 2روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کردی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت پیش ہوئے تھے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پراسیکیوٹر امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔

عدالت نے استفسار کیا تھاکہ اپیل سماعت کیلئے مقرر ہے؟ اپیل شروع نہیں کریں گے اگر آپ چاہتے ہیں تو سزا معطلی پر دلائل دے دیں ، وکیل علی ظفر نے کہا کہ ہم سزا معطلی کی بجائے مرکزی اپیل پر دلائل دیں گے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ سائفر کیس کل سماعت کیلئے مقرر ہے، جو کچھ دنوں میں مکمل ہو جائے گا، توشہ خانہ کیس سن کر کل سماعت کیلئے نہیں رکھ سکتے، ایف آئی اے کے دلائل شروع ہونے ہیں ، ہمیں نہیں معلوم وہ کتنا وقت لیتے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نیب پراسیکیوٹر سے پوچھاتھا کہ کیا نیب سزا معطلی پر کوئی موقف پیش کرنا چاہتا ہے؟نیب پراسیکیوٹر نے کہا تھاکہ فیصلے کا جائزہ لیا ہے یہ سزا معطلی کا کیس ہے، ہمیں سزا معطلی پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم اپیلیں ابھی نہیں سنی جاسکتیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے تھے کہ سزاکیخلاف اپیل عید کے بعد مقرر کریں گے۔بعدازاں عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطل کردی تھی نیب پراسیکیوٹر کے بیان کی روشنی میں یہ سزا معطل کی گئی تھی۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات