شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں فزیو تھراپی کی اہمیت پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 3 اپریل 2024 22:09

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2024ء) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ انسٹیٹیوٹ آف فزیوتھراپی کی طرف سے فزیوتھراپی کی اہمیت پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ڈاکٹر سنیل کمار نے انگلینڈ سے سپیکر کی حیثیت سے خصوصی شرکت کی اور لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ یورپ بشمول بیرون ممالک میں فزیوتھراپی کی اہمیت میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے،فزیوتھراپی میڈیکل کے کسی بھی شعبے سے کم نہیں،دنیا میں فزیوتھراپسٹ کی بہت مانگ ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے اس موقع پر کہا کہ صحت کے شعبے میں فزیوتھراپی کی بڑی اہمیت ہے اور ہم ڈی پی ٹی کے فروغ اور طلبا و طالبات کی مہارت کو مزید بڑھانے کے لئے کام کریں گے۔ ڈائریکٹر فزیوتھراپی انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر مکیش نے ڈاکٹر سنیل کمار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ انسٹیٹیوٹ آف فزیوتھراپی کے لیے وقتاً فوقتاً اپنا قیمتی وقت اور اپنے رائے سے نوازتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وائس چانسلر ذاتی طور پر چاہتی ہیں کہ ڈی پی ٹی ترقی کرے۔ سیمینار میں پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ضمیر احمد سومرو ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر گلزار احمد سومرو ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر یوسف شاہ ، پرنسپل نرسنگ کالج غلام عباس پھنور،ڈائریکٹر ڈاکٹر میر حسن کھوسہ سمیت بڑی تعداد میں فیکلٹی اور ڈی پی ٹی کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔ سیمینار کے فوکل پرسن ڈاکٹر حسیب اللہ تھے۔