ملک ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کی درخواست پر سماعت 16 اپریل تک ملتوی

نیب نے عدالت میں جواب جمع کروا دیا ‘ 16 اپریل کو دلائل ہوں گے اور فیصلہ بھی اسی دن ہوگا.عدالت کے ریمارکس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 اپریل 2024 14:43

ملک ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کی درخواست پر سماعت 16 اپریل تک ملتوی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 اپریل۔2024 ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاﺅنڈز اسکینڈل کیس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کی درخواست پر سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی ہے. ملک ریاض اور علی ریاض کے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروا دیا گیا نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہیڈ کوارٹر سے مجھے صرف جواب جمع کروانے کی ہدایت تھی، میں اس کیس میں دلائل نہیں دے سکتا اس کیس میں دوسری ٹیم نے دلائل دینے ہیں میرا اختیار نہیں ہے.

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جس نے دلائل دینے تھے، ان کو آج عدالت پیش ہونا چاہیے تھا احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ 16 اپریل کو دلائل ہوں گے اور فیصلہ بھی اسی دن ہوگا عدالت نے کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی. واضح رہے کہ 19 مارچ کو 190 ملین پاﺅنڈز کے القادر ٹرسٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کے معاملے پر نیب سے رپورٹ طلب کرلی تھی دورانِ سماعت فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا تھا کہ منجمند اثاثوں میں سکول بھی شامل ہیں جو ملک ریاض وغیرہ کی ذاتی ملکیت نہیں ہیں.