زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہو گیا

29 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 اپریل 2024 22:19

زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اپریل2024ء) زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہو گیا، سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ، مجموعی ذخائر 13 ارب 37 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ہفتہ وار اعدادوشماری جاری کردیے جن کے مطابق 29 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اضافے سے سرکاری ذخائر کی مالیت 8 ارب 4 کروڑ 4 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی جبکہ مجموعی ذخائر کا حجم بڑھ کر 13 ارب 37 کروڑ 89 لاکھ ڈالر ہوگیا۔

مرکزی بینک کے مطابق 29 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے پر کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 6 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 33 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ دوسری جانب ملک میں مسلسل دوسرے روز ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک پیسے کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 277 روپے 93 پیسے پر بند ہوا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 21 پیسے کمی کیساتھ 279 روپے 77 پیسے میں فروخت ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط منتقل کیے جانے کے بعد ناصرف زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہو گا، ساتھ ساتھ روپے پر دباو بھی کم ہو جائے گا، جس سے ڈالر کی قیمت مزید کم ہو سکتی ہے۔