پاکستان سیف گیمز کے لیے تیاری کر رہا ہے، رانا مشہود احمد خاں سے ہاکی اولمپیئن خواجہ جنیدکی ملاقات

ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے منتخب کیے گئے باصلاحیت افراد کورواںسال کے آخر میں منعقد ہونے والے آئندہ نیشنل گیمز میں شرکت کا موقع ملے گا،گفتگو

جمعہ 5 اپریل 2024 16:50

پاکستان سیف گیمز کے لیے تیاری کر رہا ہے، رانا مشہود احمد خاں سے ہاکی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ہاکی کے احیاء کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سیف گیمز کے لیے تیاری کر رہا ہے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے منتخب کیے گئے باصلاحیت افراد کورواںسال کے آخر میں منعقد ہونے والے آئندہ نیشنل گیمز میں شرکت کا موقع ملے گا۔

جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام سے ممتاز ہاکی کھلاڑی اولمپیئن خواجہ جنیدنے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں ہاکی کی بحالی اور کھیلوں کے اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کی وسیع تر شمولیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ملاقات کے دوران چیئرمین نے اس سلسلے میں جاری کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے ہاکی کے احیاء کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیف گیمز کے لیے تیاری کر رہا ہے، جس میں بین الاقوامی سطح پر ملک کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے پر گہری توجہ دی جائے گی۔مزید برآں، یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے منتخب کیے گئے باصلاحیت افراد کو رواں سال کے آخر میں منعقد ہونے والے آئندہ نیشنل گیمز میں شرکت کا موقع ملے گا۔ یہ منتخب کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور پاکستان کی شاندار نمائندگی کے لیے سخت تربیت سے گزریں گے۔

چیئرمین نے پاکستان کے نوجوانوں کو مثبت انداز میں شامل کرنے میں کھیلوں کے اہم کردار پر زور دیا، جس میں اتحاد، نظم و ضبط اور قومی فخر کو فروغ دینے کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے ان اقدامات کے لیے حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جن کا مقصد ملک کی کھیلوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا اور ایتھلیٹکس اور دوستی کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔

اولمپیئن خواجہ جنید نے پاکستان میں ہاکی کے مستقبل کے حوالے سے پر امید تھے اور انہوں نے کھیلوں کی ترقی کے لیے حکومت کے فعال انداز کو سراہا۔ انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور انہیں بہترین مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ملاقات کے دوران زیر بحث اقدامات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا وعدہ کیا۔ملاقات میں فریقین نے پاکستان میں کھیلوں کی ترقی اور اس کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔