میری نظریں آسمان کی طرف ہیں،صحافی کے سوال پر حمزہ شہباز کا جواب

سیاست عہدوں سے نہیں کی جاتی، خدمت کا نام ہے،آنے والے وقت میں انشاءاللہ حالات بہتر ہوں گے،رہنماءن لیگ کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 5 اپریل 2024 16:46

میری نظریں آسمان کی طرف ہیں،صحافی کے سوال پر حمزہ شہباز کا جواب
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اپریل2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا وفاقی حکومت میں وزارت نہ لینے کے سوال پر کہنا تھا کہ میری نظریں آسمان کی طرف ہیں،سیاست عہدوں سے نہیں کی جاتی، خدمت کا نام ہے،آنے والے وقت میں انشاءاللہ حالات بہتر ہوں گے۔ رہنماءن لیگ حمزہ شہباز مسلم لیگ ن کے دیرینہ کارکن اسرار شاہ کے گھر مصری شاہ پہنچے۔

حمزہ شہباز نے اسرار شاہ کے بھائی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میںپارٹی کاکارکن ہوں،پاکستان کی خدمت کروں گا، آنے والے دنوں اور ہفتوں میں عوام اچھی کارکردگی دیکھیں گے۔ حکومت ابھی قائم ہوئی ہے اس کی کارکردگی سے متعلق کہنا قبل ازوقت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی یہ چاہتا ہے معیشت اپنے پاوٴں پر کھڑی ہو، مسلم لیگ ن دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر معیشت کو ٹھیک کرے گی، معیشت کی بہتری کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔

حکومت اتحادی جماعتوں سے مل کر معاشی بحالی کی کوشش کر رہی ہے، سیاست عہدوں سے نہیں کی جاتی، سیاست اللّٰہ کی مخلوق کو راضی کرنے کا نام ہے۔پاکستان ایٹمی قوت ہے جلد پاکستان معاشی قوت بھی بن کر ابھرے گا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات پر تشویش ہے، دشمن کے خواب چکنا چور ہوں گے، سرحدوں پر عوام کی حفاظت کرنے والے جوانوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم جیتے گی اور دہشتگردی ہارے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ طاقت ایک ہی ذات کے ہاتھ میں ہے وہ اللہ کی ذات ہے۔ ماہ صیام ہمیں صبر کا سبق دیتا ہے، ہرپاکستانی یہ چاہتا ہے کہ معیشت اپنے پاوٴں پر کھڑی ہو، ن لیگ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کوشش کررہی ہے۔حکومت کی کوشش ہے کہ عام آدمی کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے ۔ابھی کچھ مشکلات ضرور ہیں لیکن آنے والا وقت پاکستان کی بہتری کا ہوگا او ر عام آدمی کو ریلیف ملتا ہوا نظر آئیگا۔