Live Updates

ہدف کے مطابق گندم کی خریداری برویت مکمل کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب

جمعہ 5 اپریل 2024 20:59

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں گندم خریداری مراکز اور باردانہ کی ترسیل کے لیے جلد از جلد پوائنٹس قائم کیے جائیں، گندم کی خریداری کا آغاز 20 اپریل تک کر دیا جائے گا ، ہدف کے مطابق گندم کی خریداری بروقت مکمل کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفس چیمبر میں گندم خریداری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مزمل الیاس، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جمشید بٹر سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 9 گندم خریداری مراکز قائم کئے جائیں جہاں پر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ کی تعیناتی کے لیے لسٹیں مرتب کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے اضلاع میں گندم لے جانے والوں کے لئے محکمہ خوراک سے این او سی لینا ضروری ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی دوسرے اضلاع میں منتقلی کی روک تھام کے لئے ضلع کے ان اور آئوٹ پوائنٹس پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات