حکومت ابھی ابھی قائم ہوئی ،کارکردگی کیسی ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے‘ حمزہ شہباز

آنے والے وقت میں انشااللہ حالات بہتر ہوں گے ‘ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 5 اپریل 2024 22:01

حکومت ابھی ابھی قائم ہوئی ،کارکردگی کیسی ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی یہ چاہتا ہے معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو، مسلم لیگ (ن)دیگر سیاسی جماعتیں کے ساتھ مل کر معیشت کو ٹھیک کرے گی، معیشت کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگی کارکن اسرار شاہ سے ان کے بھائی سید آفتاب احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے مل کر قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہے جہاں عوام کو خوشحالی ملے ،عزت خدمت کی سیاست سے ملتی ہے ،لوگوں کی خدمت کرنا اولین فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ابھی ابھی قائم ہوئی ہے ،حالات بہتر کرنے میں وقت لگے گا، حکومت کی کارکردگی کیسی ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے،آنے والے وقت میں انشااللہ حالات بہتر ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات پر تشویش ہے ،ان شا اللہ دشمن کے خواب چکنا چور ہوں گے،سرحدوں کی حفاظت کے لئے فرائض سر انجام دینے والے جوانوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں ،قوم جیتے گی ،دہشتگردی ہارے گی،ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کو مایوسی ہوگی، سب کو مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔

ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ مجھے عہدہ یا کوئی وزارت نہیں چاہیے ،وہ اور ان کی جماعت قوم کی خدمت کرے گی ،اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہے جہاں عوام کو خوشحالی ملے گی۔