Live Updates

قاتل ڈور سے ہونے والی ہر موت کی ذمے دار ن لیگ ہے

پنجاب حکومت نے خود سرکاری طور پر بسنت کا انعقاد کرکے اس خونی کھیل کو پرواں چڑھایا، کے پی کے نے کبھی اس خونی کھیل کی حوصلہ افزائی نہیں کی، ڈور سمگلنگ کا الزام لگانے پر مریم نواز کو خیبرپختونخواہ حکومت کا جواب

muhammad ali محمد علی جمعہ 5 اپریل 2024 23:34

قاتل ڈور سے ہونے والی ہر موت کی ذمے دار ن لیگ ہے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل2024ء) وزیر قانون خیبرپختوںخواہ کے مطابق قاتل ڈور سے ہونے والی ہر موت کی ذمے دار ن لیگ ہے، پنجاب حکومت نے خود سرکاری طور پر بسنت کا انعقاد کرکے اس خونی کھیل کو پرواں چڑھایا، کے پی کے نے کبھی اس خونی کھیل کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے خیبرپختونخواہ حکومت پر ڈور سمگلنگ کا الزام لگانے پر انہیں خیبرپختونخواہ حکومت کے نمائندے کی جانب سے جواب دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے قاتل ڈور خیبرپختونخوا سے سمگل ہونے کے بیان پر وزیر قانون خیبرپختونخوا میدان میں آگئے۔ وزیر قانون آفتاب عالم نے اپنے بیان میں کہا کہ قاتل ڈور کی وجہ سے جو بھی موت کے منہ میں گیا اس کی ذمہ دار ن لیگ ہے، خیبرپختونخوا میں کبھی کسی حکومت نے اس خونی کھیل کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کو فروغ خیبرپختونخوا حکومت نے نہیں پنجاب حکومت نے دیا، بسنت کے مقابلوں کا انعقاد کر کے سرکاری طور پر ن لیگ نے اس خونی کھیل کو پروان چڑھایا۔

آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت پر ڈور سمگل کرنے کا بے بنیاد الزام لگایا جا رہا ہے، بے بنیاد الزام کے بجائے حقائق سامنے لائے جائیں، خیبرپختونخوا سے اگر ڈور کی سمگلنگ ہوئی تو کارروائی کریں گے۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران مریم نواز کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ اطلاعات ملی ہیں کہ دھاتی ڈور خیبرپختونخواہ سے بن کر پنجاب سمگل کی جا رہی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ اب تک پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈور سے متعدد افراد زخمی ہو چکے، جبکہ جانی نقصان بھی ہو چکا۔ تاہم خیبرپختونخواہ سے ڈور کے باعث کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات