وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا میاں میر ہسپتال کادورہ، ہسپتال میں ایوننگ اوپی ڈی شروع کرنے کا اعلان

)صوبائی وزیر نے میاں میر ہسپتال کے ایمرجنسی، انڈور، او پی ڈی اور ڈینگی وارڈز بھی گئے اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا

ہفتہ 6 اپریل 2024 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2024ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مریضوں کی سہولیات کے پیش نظر گورنمٹ میاں میر ہسپتال میں عید کے بعد ایوننگ اوپی ڈی شفٹ شروع کردی جائے گی۔یہ بات صوبائی وزیر صحت نے میاں میر ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف ہمراہ تھے۔

ایم ایس میاں میر ہسپتال ڈاکٹر احمد غوث اور دیگر سٹاف بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے میاں میر ہسپتال کے ایمرجنسی، انڈور، او پی ڈی اور ڈینگی وارڈز بھی گئے اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔خواجہ عمران نذیر کو بتایا گیا کہ ایک اپنڈکس کے مریض کو شاہکوٹ ہسپتال سے ریفر کیا گیا جس پر صوبائی وزیر صحت نے ایم ایس سے اس حوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

انہوں نے استفسار کیا کہ اس مریض کا علاج شاہکوٹ ہسپتال میں کیا جاسکتا تھا، مریض کو اتنی دور کیوں منتقل کیا گیا۔ خواجہ عمران نذیر نے مریضوں اور لواحقین سے مفت ادویات اور ٹیسٹنگ سہولیات کے حوالہ سے دریافت کیا، جن پر مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ مفت ادویات و دیگر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر صحت نے نان کمونیکیبل، ہیپاٹائیٹس اور ڈینٹل کلینکس میں ڈاکٹرز کی حاضری اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کے حوالہ سے ریکارڈ بھی چیک کیا۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے معائنہ کے دوران ایم ایس کو پرائیویٹ رومز اور سٹورز کی صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔