ججز کے خط :فل کورٹ تشکیل دینے کی دائر درخواست پر عیدکے بعدمرکزی کیس کے ساتھ سماعت کیے جانے کاامکان

اتوار 7 اپریل 2024 17:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے خط پر سوموٹو کیس کی سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے کی دائر درخواست پر سپریم کورٹ کی جانب سے عیدکے بعدمرکزی کیس کے ساتھ سماعت کیے جانے کاامکان ہے۔چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہاتھاکہ وہ لاہور اور کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے لیے جائیں گے اس اس خط کے حوالے سے لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت اس کے بعدکی جائیگی۔

واضح رہے کہ نئی درخواست سابق صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری سمیت دیگر پانچ وکلاء کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست گزاران عابد زبیری، شہاب سرکی، شفقت چوہان، منیر احمد کاکڑ، چودھری اشتیاق احمد خان اور طاہر فراز عباسی نے کیس میں فریق بننے کی استدعا کی ہے۔

(جاری ہے)

دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ چھ ججز سے قبل جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی بھی الزام لگا چکے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ فل کورٹ اجلاس یا سپریم جوڈیشل کونسل کا نہیں بلکہ چیف جسٹس اور انتظامی سربراہ کے درمیان ملاقات کے بعد کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انتظامیہ اور خفیہ اداروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکا جائے، اس معاملے کی بھرپور تحقیقات کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ پاکستان بار کونسل بھی اس درخواست سے ملتاجلتاموقف اپنے ایک ایگزیکٹواجلاس کے دوران مطالبے میں کرچکی ہے۔