صوبائی وزیر معدنیات کاچھاپہ،ریت ، پتھر کی سپلائی میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگی پکڑ لی

اتوار 7 اپریل 2024 21:00

صوبائی وزیر معدنیات کاچھاپہ،ریت ، پتھر کی سپلائی میں کروڑوں روپے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2024ء) صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے سخی سرور کے پہاڑی علاقے میں اچانک چھاپہ مار کر ریت اور پتھر کی سپلائی میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگی پکڑ لی۔ ترجمان کے مطابق مقامی افسران اور ملازمین کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو روزانہ کروڑوں کا نقصان ہو رہا تھا۔صوبائی وزیر معدنیات نے اپنی ٹیم اور مقامی پولیس کے ساتھ سخی سرور کے پہاڑی علاقے میں ریڈ کی جہاں ریت اور پتھر کی غیرقانونی ترسیل کی جا رہی تھی۔

صوبائی وزیر نے محکمہ معدنیات سخی سرور کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ ملوث افسران اور ملازمین کیخلاف ایف آئی آر کروانے کا بھی حکم دے دیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ بغیر لیز اور آکشن کے گزشتہ دو سال سے غیر قانونی طور پر ریت اور پتھر کے ٹرک بھر بھر کے ملک بھر میں ناجائز طور پر سپلائی جاری تھی۔

(جاری ہے)

روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 3000 ایسے ٹرک پورے ملک میں بھیجے جاتے ہیں جن پر ڈھائی سے تین ہزار فی ٹرک رشوت لی جاتی ہے۔ لیکن اب مافیاز کے ساتھ مل کر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملازمین اور افسران کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔ ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ لیز اور آکشن نہ ہونے تک اب یہ سپلائی معطل رہے گی۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کی اجازت کسی صورت نہیں دے سکتے۔

متعلقہ عنوان :