عید الفطر کی آمد کے باعث میٹھائیوں،کیکس، سویوں، پھینیوں کی مانگ میں اضافہ

پیر 8 اپریل 2024 14:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) عید الفطر کی آمدکے باعث میٹھائیوں ،کیکس، سویوں، پھینیوں، مہندی، چینی کی مانگ میں زبر دست اضافہ ہو گیا ہے جبکہ متعلقہ دکانداروں نے بھی مذکورہ اشیاکے نرخ بڑھا کر اپنا حصہ بقدر جثہ وصول کرنا شروع کر دیا ہے جس نے پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے متوسط عوام کیلئے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ فرزندان اسلام عید الفطر کے سلسلہ میں اپنے قریبی رشتہ داروں، عزیزو اقارب، خاص دوست احباب اور خصوصاً اپنی شادی شدہ بیٹیوں، بہنوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے عیدی کے نام پرمیٹھائیوں،کیکس، سویوں، پھینیوں، مہندی، چینی کا تحفہ پیش کرتے ہیں جس کا مقصد رشتوں کے خلوص کا اظہار کرنا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامی حکام کی دیگر مصروفیت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے جہاں گراں فروشوں، ناجائز منافع خوروں، خود غرض تاجروں، مفاد پرست دکانداروں اور ذخیرہ اندوزوں نے دیگر اشیاکے نرخوں میں زبر دست اضافہ کر رکھاہے وہیں میٹھائیوں ،کیکس، سویوں، پھینیوں، مہندی، چینی وغیرہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے لیکن کوئی انہیں پوچھنے والا نہ ہے۔

عوام الناس نے متعلقہ ارباب اقتدار سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔