صوبائی کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی ومتعدی امراض کے پہلے اجلاس کا انعقاد

پیر 8 اپریل 2024 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) صوبائی کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی ومتعدی امراض کا پہلا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر،، مجتبیٰ شجاع الرحمان ، رانا سکندر حیات اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کی۔ اجلاس میں ڈینگی سمیت دیگر متعدی امراض کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری صحت علی جان خان کی جانب سے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے کب تک لوگوں کے گھروں کے کولرز صاف کراتے رہیں گے، شہریوں کو خود ذمہ داری لینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ اور ملتان میں ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں بڑھانا ہوں گی،اگرچہ ڈینگی کے کیسز زیادہ نہیں رپورٹ ہو رہے تاہم انکی روک تھام کیلئے نظام کو موثر بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ تمام دیہی و بنیادی مراکز صحت کی ریویمپنگ، انکے جدید انفراسٹرکچر میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں جن کو ہرصورت میں مارچ 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں ادویات اور دیگر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت پر عزم ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیر لائسنس یافتہ ادویات و پروڈکٹس کی تیاری و فرخت میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈائون میں پنجاب ڈرگ کنٹرول ٹیموں کو لیڈ کیا جائے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام متعدی، وبائی امراض کی روک تھام کیلئے تمام محکمے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ امراض کی روک تھام کے حوالے سے عوام کی آگہی کیلئے میڈیا مہم جلد شروع کریں گے۔خواجہ سلمان رفیق نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر شہروں کے تمام قبرستانوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ کوئی بھی سسٹم اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتا جب تک اس میں تسلسل نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ متعدی امراض کی روک تھام کیلئے محکمہ تعلیم اپنا ہیومن ریورس استعمال کرنے کیلئے تیار ہے۔صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ ہیومن ریسورس کی ٹریننگ، امراض کی روک تھام کے لئے ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت پولیو، ڈینگی سمیت دیگر امراض کی روک تھام کیلئے کوئی موثر اور جدید لائحہ عمل اپنائے۔اجلاس میں مختلف محکموں کے سربراہان جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔