لاڑکانہ جلسہ صرف برسی نہیں قائد عوام کے فکرو فلسفہ پر چلنے کے عہد کا دن بھی ہے،شہنیلہ خانزادہ

پیر 8 اپریل 2024 20:20

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور اے آئی ٹی کی سرپرست اعلیٰ کالم نویس شہنیلہ خانزادہ نے کہا ہے کہ شہید قائد عوام زوالفقار علی بھٹو کی برسی میں 14اپریل کو شرکت کرکے قائد عوام کو خراج عقیدت اور امت مسلمہ کے عظیم لیڈر کو سلام تحسین پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

شہنیلہ خانزادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ قائد عوام نے سب سے زیادہ تعلیمی ادارے، آئین پاکستان ، سٹیل مل ، فرانس ایٹمی ری ایکٹر پلانٹ، عباسی شہید ہسپتال ، عالمی اسلامی کانفرنس، او آئی سی اور ملک کے وقار کو بڑھایا، ان کی خدمات اور ان کی جرات مندی کا کوئی متبادل نہیں،انہوں نے عوام میں سیاسی اور حقوق کا شعور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو کا نواسہ اور نواسی ملک کو بحرانوں سے نکال کر نا نا اور والدہ کی قربانی کا حق ادا کریں گے،ملک سے محبت کرنے والی اور ملک کے لئے مر مٹنے والی بھٹوخاندان کی روایات کی کوئی نظیر نہیں ۔ شہنیلہ خانزادہ نے کہا ہے کہ لاڑکانہ جلسہ صرف برسی نہیں قائد عوام کے فکرو فلسفہ پر چلنے کے عہد کا دن بھی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کرنے کا دن ہے، صدر آصف زرداری کی پاکستان کھپے کی تاریخ کو برقرار رکھنے کا دن ہے ،بے نظیر بھٹو شہید سے اظہار یکجہتی کا دن ہے۔