ایف بی آر ٹیکس حکام کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق کیلئے مارکیٹوں کے غیر مجاز دوروں کا نوٹس لے‘ لاہور چیمبر

پیر 8 اپریل 2024 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹیکس حکام کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق کے لیے مارکیٹوں کے غیرمجاز دوروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو جلد حل کرے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ مختلف مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے لاہور چیمبر کے ممبران نے بتایا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے عہدیدار ہونے کا دعویٰ کرنے والے افراد لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے دورے کر رہے ہیں اورتاجروں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ایف بی آر پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹم کے ساتھ رجسٹر ہوں جبکہ ان کی دستاویزات کا معائنہ بھی کیا جارہا ہے ۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ان دوروں کی وجہ سے تاجر برادری میں تشویش پائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر وہ اس معاملے پر اپنے موقف سے تاجر برادری کو آگاہ کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ رجسٹریشن کے عمل سے متعلق کوئی بھی ہدایات تاجروں اور دکانداروں کو باضابطہ طور پر سرکاری نوٹسز کے ذریعے پہنچائی جائیں۔کاشف انور نے کہا کہ اگر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے مارکیٹوں میں تاجروں کی رجسٹریشن کے لیے واقعی کوئی مہم شروع کی گئی ہے تو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، چیمبرز اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لیا اور اس عمل میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے سٹیک ہولڈرز کے درمیان بہتر افہام و تفہیم کی فضا پیدا ہوگی اور معاملہ نمٹانا آسان ہوجائے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں گے اور تاجر برادری کے حقیقی تحفظات کو دور کریں گے۔

متعلقہ عنوان :