عیدالفطر میں ایک دن باقی رہنے کے ساتھ ہی پردیسیوں نے رخت سفر باندھ لیا

پیر 8 اپریل 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) عیدالفطر میں ایک دن باقی رہنے کے ساتھ ہی پردیسیوں نے رخت سفر باندھ لیا ، عید آبائی علاقوں میں منانے والوں کا ٹرانسپورٹ اڈوں پر تانتا بندھ گیا۔ عیدالفطر ہو یا عیدالاضحیٰ چھوٹے بڑے شہروں میں روزگار کمانے کے لئے آئے شہریوں کی اکثریت یہ تہوار اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لئے آبائی علاقوں کو روانہ ہو جاتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کی اکثریت ان تہواروں پر اضافی چھٹیاں لے کر عید منانے چلی جاتی ہے جس کے باعث دارالحکومت کی سڑکوں اور تجارتی مراکز میں عید کے ایام میں ہو کا عالم ہونا ہے، چاند رات کو تاجر اور ٹرانسپورٹر بھی عید منانے آبائی علاقوں کو چلے جاتے ہیں۔ اس عید پر بھی شہریوں نے اپنے اہلخانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ تہوار منانے کے لئے اپنے آبائی علاقوں کو روانگی کا آغاز کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

دور دراز علاقوں سے آئے شہریوں کی روانگی گزشتہ جمعہ کی شام سے جاری ہے جبک باقی ماندہ (کل )منگل کو بھی روانہ ہوں گے۔ ملازمت پیشہ افراد میں سے کچھ نے عید سے قبل اور بعض نے عید کے بعد کی چھٹیاں لے رکھی ہیں تاکہ عید کی تعطیلات ساتھ ملا کر ہفتہ تعطیلات منایا جا سکے۔ پردیسیوں کی روانگی کے ساتھ ٹرانسپورٹ اڈوں پر بھی رش ہے جبکہ ریلوے سٹیشن بھی آنے اور جانے والے مسافروں کی وجہ سے بھرے پڑے ہیں ۔ چھوٹی کلاسوں کے بچوں کے پیپرز بھی مکمل ہو چکے ہیں اور امتحانات میں کامیاب ہونے والے بچوں کی آبائی علاقوں میں روانگی کی خوشیاں بھی دیدنی ہیں۔ بیرون ملک سے بھی ہم وطن تارکین وطن کی کثیر تعداد کی آمد کے پیش نظر ہوائی اڈوں پر بھی مسافروں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے ۔